پولیس کا کام عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے تھانہ سول لائنز اور مزنگ رینویشن پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پولیس فورس کا کام عوام کی جان و مال کا تحفظ اور شہریوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے چیف سیکرٹری، آئی جی، سی سی پی اور ڈی آئی جی آپریشنز کیساتھ تھانے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جس پر ڈٰی آئی جی اور سی سی پی او نے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صرف پانچ روز میں دونوں تھانو ں کی حالت بہتر بنانے پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تزئین و آرائش کے بعد دونوں تھانوں کا معائنہ کیا اور بہترین کام پر شاباش دی، انہوں نے فرنٹ ڈیسک، استقبالیہ، ریڈر کارنر، حوالات، محرر روم اور مال خانے کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع ہر وزیراعلیٰ نے مصنوعی گھاس کے ذریعے تھانے کی چھت کو خوبصورت بنانے کو سراہا۔
نگران وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اور سی سی پی او کے ساتھ بیٹھ کر تھانوں کی بہتری کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے، نظام کی بہتری کیلئے جلد مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعلیٰ کا جنرل ہسپتال کا دورہ، ناقص انتظامات پر برہم، ٹوئٹ میں وضاحت کی
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کا امیج بہتر بنانا اور تھانوں کا ماحول بدلنا چاہتے ہیں، پنجاب کے 750 تھانوں میں بہتری لانے کیلئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں، یہاں پولیس کو بھی عوام کے ساتھ اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی ریلیوں پر پابندی نہیں، سیاسی ریلیوں پر پابندی لگائی گئی ہے، عوام پُرامن طریقے سے جشن آزادی منا سکتے ہیں، 14 اگست کو پبلک نکل سکتی ہے، سیاسی ریلی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گنگا رام ہسپتال میں بجلی صرف تین منٹ کیلئے بند ہوئی، معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، ویڈیو جاری ہونے پر فوری طور پر انکوائری ٹیم پہنچ گئی اور رپورٹ پیش کردی۔