مختلف شہروں میں مزید بارش کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پل پل بدلتا موسم،محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔آج صبح جڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم کشمیر، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور زیریں سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر اورشمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، قصور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ علاقوں میں بعض مقا مات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان، وزیرستان اور اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلا ع میں موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم زیریں سندھ میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔