محسن نقوی کا وادی تیراہ میں شہید ہونیوالے جوانوں کو خراج عقیدت

Aug 10, 2024 | 12:21:PM

 (24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خارجی دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز کے شہید ہونے والے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار انعام گُل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جرات کے ساتھ مقابلہ کر کے 4 خارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ خارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے دوران شہید ہونیوالے سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والے وطن کے بہادر سپوتوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 خوارج دہشتگرد ہلاک جبکہ 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں