(24نیوز)اسلام آبادوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہا کہ ا پوزیشن اس نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، وہ جس راستے پر چل رہی ہے اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں دباؤ میں ہیں،کسان سراپا احتجاج ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت انسانی حقوق کا کھلم کھلا مذاق اڑا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بھارت نے کمیونی کیشن بلیک آؤٹ سے خبروں کو چھپا رکھا ہے۔واضح رہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم کا پتا ہے، پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر دنیا کے ذمہ دار افراد کو آگاہ رکھا ہوا ہے۔
عالمی میڈیا کو کشمیر پر ڈھائے گئے بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے پر مزید توجہ دینی چاہیے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے، لیکن ہم غافل نہیں، بھارت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو اس کا ردعمل بھی آئے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر بہت سنگین ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں، جلسوں کے خلاف نہیں ہیں لیکن اپوزیشن کو دیکھنا چاہیے ملکی حالات کیا ہیں، آپ لانگ مارچ کریں گے، دھرنا دیں گے دے لیجیے، اپوزیشن جس راستے پر چل رہی ہے اس سے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا، اپوزیشن اس نظام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، آپ جمہوریت کے علمبردار بنتے ہیں لیکن جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔