(24نیوز)کراچی سابق بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں واپس نہ لینے پر محکمہ بلدیات سندھ نے 9 افسران کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں باالخصوص شہر قائد میں بلدیاتی نظام کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاہم ابھی تک حکومت اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، اسی سلسلے کی ایک کڑی سابق بلدیاتی نمائندوں سے سرکاری گاڑیاں واپسی ہے۔محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے سابق بلدیاتی نمائندوں سے گاڑیاں واپس لینے میں ناکامی پرنو افسران کو سزا کے طور پر معطل کردیا۔
محکمے کی جانب سے معطل افسران کو سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا ٹاسک دیا گیا تھا، لیکن متعلقہ افسران نے کام میں سست روی دکھائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کی واپسی کےلیے محکمہ بلدیات نے تین تین رکنی چھ کمیٹیاں بنائی تھیں تاہم وہ اپنی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔محکمے کی جانب سے جن افسران کو معطل کیا گیا ہے ان میں 17 گریڈ کے چار، 16 گریڈ کے دو اور 11 گریڈ کے تین افسران شامل ہیں۔خیال رہے کہ محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے سابق کونسلرز، ایڈمنسٹریٹرز اور چیف افسران کو سرکاری گاڑیوں کی واپسی کےلیے متعدد بار خط بھی ارسال کیا گیا ہے لیکن نمائندوں نےگاڑیاں واپس نہیں کیں۔