سارے چوہدری مر جائیں تو بھی فضل الرحمان کا قرعہ نہیں نکلے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو فرماتے تھے آر ہو گا یا پار ہو گا، وہ بیچ منجدھار ہو گئے ہیں، امید ہے کہ سارے لوگ استعفوں کی طرف نہیں جائیں گے، اگر استعفے دے بھی دیئے تو اسمبلی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان کے سارے چوہدری بھی مر جائیں تو بھی فضل الرحمان کا قرعہ نہیں نکلے گا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی سیاستدان مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا، عمران خان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو بتائیں کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، جن سے آپ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ نواز شریف کے بیانیے کے مخالف ہیں، ن لیگ سے اب ایک بڑا گروپ بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حالات جیسے بھی ہو پی ڈی ایم کو فائدہ نہیں ہو گا، ان لوگوں نے اپنے بچوں کو محفوظ گھروں میں رکھا ہوا ہے، اور چاہتے ہیں کہ غریب کا بچہ کورونا سے خودکشی کرے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو کوئی قیامت ہونے نہیں جا رہی، عمران خان مینار پاکستان سے اوپر گیا تھا، یہ مینار پاکستان سے نیچے آئیں گے، 13 دسمبر کے بعد عمران خان کے لیے خوشخبری دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا نظریاتی اتحاد نہیں ہے، ان کا نظریہ ہے عمران خان نہ ہو جبکہ عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے حکومت چھوڑ دوں گا لیکن کرپٹ کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔سینیٹ الیکشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن کے بعد عمران خان اور مضبوط ہو جائے گا، عمران خان نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ اسمبلی میں آئیں اور ڈائیلاگ کریں۔ان کا کہنا تھا آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے، وہ حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے جب کہ نواز شریف سب کو گولی دیکر ہاتھ سے نکل گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیسز انتہائی سنجیدہ ہیں، ان لوگوں کو جیلوں میں اراکین اسمبلی ہونے کے باعث سہولتیں مل رہی ہیں، یہ لوگ اراکین اسمبلی نہ رہے تو جیلوں میں سی کلاس ملے گی۔