(24 نیوز)وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے اپنا آخری پتا بھی کھیل لیا، استعفوں کے معاملے پر شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، اس ناٹک کے کرداروں کو ایک ایک کرکے عوام کے سامنے لانا ہے، اس وقت چلنے والے سب سے بڑے ناٹک کے مرکزی اداکار نوازشریف ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے پریس کانفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں نواز شریف نے سیاسی سفر کا آغاز کیسے کیا؟،وزیر اطلاعات نے کہا کہ بی بی شہید کےخلاف آئی جے آئی پلیٹ فارم سے کن کن القابات سے نوازا گیا، بلاول بھٹو شاید بھول گئے کہ نوازشریف نے ان کی والدہ سے کس قسم کا سلوک روا رکھا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کا خطاب انھوں نے ہی دیا، آصف زرداری کو 11 سالہ جیل میں کس نے رکھا، جن لوگوں نے بھٹو کی پھانسی پر خوشیاں منائیں آج وہ ساتھ بیٹھے ہیں،وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب سختی آتی ہے تو یہ اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، اس بار بھی یہ خود بھاگ گئے اور اپنے ورکرز کو بے یارو مدد گار چھوڑ گئے۔
شبلی فراز نے کہا کہ انہوں نے اپنا آنا عدالتوں کے ساتھ مشروط کردیا ہے، اب انھوں نے بات عدالتوں پر ڈال دی مطلب جب ان کی مرضی کی عدالتیں ہوں گی تب واپس آئیں گے،انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جاسکتا، ان کا کام اقتدار میں آنا ہے اور پھر نوٹ کمانا ہے، اگر یہ ہار جائیں تو الیکشن ٹھیک نہیں اور جیت جائیں تو ٹھیک ہے، شبلی فراز نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں بغیر کسی مشاورت اور حکمت عملی کے انھوں نے استعفوں کا اعلان کردیا، اب جب استعفوں کی باری آرہی ہے تو پیپلز پارٹی کا اپنا موقف ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آخری پتہ انھوں نے پہلے کھیل لیا ہے، خود غرضی اور نفرت پر مبنی تقاریر میں مریم نواز زہر اگلتی ہیں،انہوں نے کہا کہ ان کے جلسوں سے ظاہر ہوتا ہے یہ کتنے خودغرض لوگ ہیں، کورونا وائرس جیسی صورتحال میں بھی ان کو کچھ پروا نہیں ہے، یہ خود غرض لوگ ہیں انھوں نے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ اقتدار کی کشش میں یہ اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے، انھوں نے ملک کو سوائے قرضوں میں ڈبونے کے کچھ نہیں کیا، لاہور کے عوام ان کے ماضی سے باخبر ہیں، شبلی فراز نے کہا کہ یہ بار بار موقف تبدیل کررہے ہیں، ہم ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، نوازشریف یہ بھی کہہ رہے ہیں اگلی باری آپ لیں پھر ہم لے لیں گے، نوازشریف خود بھاگ گئے ورکرز کو بے یارو مددگار چھوڑ گئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اب تو صحت کی بات نہیں کرتے، ان کا کام عوام کو بے وقوف بنانا ووٹ لینا اور اپنے کاروبار چلانا ہے، انہوں نے اداروں کو کھوکھلا کردیا، وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ استعفے دیں ہم ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ان کے پاس عوام کےلئے کوئی پروگرام نہیں، انہوں نے نہ صحت پر خرچہ کیا نہ تعلیم پربلکہ انہوں نے کمیشن کےلئے پل بنائے۔شبلی فراز کی پریس کانفرنس میں نوازشریف کی بے نظیر کے خلاف تقریر کی ویڈیو چلائی گئی، پریس کانفرنس میں نوازشریف اور آصف زرداری کے ایک دوسرے پر الزامات کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔
استعفوں کے معاملے پر شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، شبلی فراز
Dec 10, 2020 | 21:42:PM