(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی نے راجیہ سبھا میں اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں 17طالبات کے ساتھ ہونیوالے جنسی زیادتی کے کیس کی کارروائی فوری سماعت کی عدالت میں کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ نےجمعہ کے روز وقفہ سوالات کے دوران 17 طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ 18 نومبر کو مظفر نگر سے 17 لڑکیوں کو پریکٹیکل امتحان کے نام پر لے جا کر پرائیویٹ سکول میں رکھا گیا تھا۔ بعد میں نشہ آور چیز ملی کھچڑی کھلاکر اور ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لڑکیوں کو ڈرایا دھمکایا گیا تاکہ وہ اس واقعے کی اطلاع نہ دیں۔ ان میں سے ایک لڑکی نے واقعے کے کئی دن بعد گھر والوں کو اس کی اطلاع دی۔ گھر والوں نے پولیس میں ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کرنے کے بعد معاملہ درج کیا گیا۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اس معاملے کی سماعت فاسٹ ٹریک عدالت میں ہونی چاہیے تاکہ مجرموں کو چھ ماہ کے اندر سزا دی جا سکے، جس سے اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: طلحہ طالب نے ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیت لیا