ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے: بلاول بھٹو زرداری

Dec 10, 2022 | 10:34:AM
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے متعلق ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے
کیپشن: وزیر خارجہ بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے متعلق ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے اہم پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئین میں درج عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق غضب کرنے والوں کے خلاف دہائیوں پر محیط جدوجہد کی ہے، پاکستان 27 بین الاقوامی کنونشنز کا فریق ہے، جس میں انسانی حقوق کے 7 بنیادی معاہدے شامل ہیں، مذکورہ کنونشنز کا فریق ہونے کی وجہ سے پاکستان نے 2014 میں یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس معاہدہ کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انسانی حقوق کے حوالے سے قانون سازی، ادارہ جاتی اور پالیسی اصلاحات پر پیش رفت نمایاں ہے، قومی سطح پر ایسی پیش رفتوں میں ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل (TIC)، نیشنل ہیومن رائٹس انسٹیٹیوشنز (NHRIs) کا قیام شامل ہے، قومی سطح پر اقدامات میں نیشنل کمیشن آن ہیومن رائٹس، نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ اور نیشنل کمیشن آف چائلڈ کا شامل ہیں، لیکن انسانی حقوق صرف مذکورہ اقدامات تک یہاں تک محدود نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ میں پی پی حکومت نے انسانی حقوق سے گہری وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت سندھ نے پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط قانونی، ادارہ جاتی اور پالیسی فریم ورک تیار کیا ہے، سندھ چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 اور سندھ گھریلو تشدد (روک تھام اور تحفظ) ایکٹ 2013 جیسی قانونسازی کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایسی اقدام میں سینئر سٹیزنز ویلفیئر ایکٹ 2014، مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کے حقوق پر قانونسازی شامل ہے، ملازمت، بحالی اور بہبود ایکٹ 2014، بانڈڈ لیبر سسٹم ابالیشن ایکٹ 2015، اور ہندو میرج ایکٹ 2016 متعارف کرائے ہیں، ہندو میرج ترمیمی ایکٹ 2018، سندھ معذور افراد کو بااختیار بنانا ایکٹ 2018 اور سندھ جیل خانہ جات کی اصلاح سروسز ایکٹ 2019 شامل ہیں، سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی (SCPA)، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن (SHRC) اور سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (SCSW) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ محکمہ انسانی حقوق سندھ کی جانب سے غریب اور نادار لوگوں کو قانونی امداد فراہم کی جا رہی ہے، محکمہ انسانی حقوق سندھ کی جانب سے ہیومن رائٹس ویجیلنس کمیٹی کی تشکیل نو کی گئی ہے، بھارت کے زیر قبضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی وحشیانہ خلاف ورزیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں، عالمی برادری اقوام متحدہ کی جاری ایک سال پر محیط مہم کے دوران قابض افواج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دے، انسانی حقوق پارٹی کا سنگ بنیاد ہے، ناقابل مصالحت انسانی حقوق کے لیے پارٹی قیادت اور کارکنوں نے انتھک جدوجہد کے دوران بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔