(ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ کا رنگا رنگ میلہ قطر کے میدانوں میں جاری ہے جہاں فاتح، رنر اپ اور کوارٹر فائنل تک رسائی کرنیوالی تمام ٹیموں کو بھاری انعامی رقم دی جائے گی۔
راؤنڈ آف 16 میں باہر ہونے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ملیں گے جبکہ کوارٹر فائنل میں شکست کھانے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔
اسی طرح سیمی فائنل ہار کر تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں ناکام رہنے والی ٹیم (چوتھی پوزیشن پر آنے والی) کو ڈھائی کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ کامیاب ٹیم (تیسری پوزیشن اپنے نام کرنے والی ٹیم) کے حصے میں 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: نیدرلینڈز کو شکست دے کر ارجنٹینا سیمی فائنل میں پہنچ گیا
فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ کر ناکامی کا منہ دیکھنے والی ٹیم کا غم کم کرنے کیلئے 3 کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔
جو ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگی اسے 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔
فیفا نے قطر ورلڈ کپ کی انعامی رقم کیلئے مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز مختص کیے ہیں۔
فٹبال ورلڈ کپ میں پہنچنے والی ہر ٹیم کو ٹورنامنٹ سے قبل فیفا کی جانب سے 15 لاکھ ڈالرز بھی دیے گئے تھے تاکہ ابتدائی اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔