پاکستانی ویب سیریز’’'قاتل حسیناؤں‘‘ نےبڑااعزازحاصل کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )پاکستانی ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ نے بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔سنگاپور میں منعقدہ ایشین اکیڈمی کریئیٹو ایوارڈز میں ویب سیریز نے ’بیسٹ انتھالوجی‘ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔ویب سیریز میں سات قاتل حسیناؤں نے اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ثروت گیلانی، مہر بانو، صنم سعید، ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، سامعیہ ممتاز اور بیو رانا ظفر شامل ہیں۔ویب سیریز کے ہدایت کار برطانوی نژاد بھارتی فلم ساز مینا گور ہےجو کہ اس کی ویب سیریز کی مصنفہ بھی ہیں جبکہ دوسرے رائٹر پاکستانی فلم ساز فرجاد نبی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثروت گیلانی نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے جیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم اس ایوارڈ کو پاکستان واپس لا رہے ہیں۔’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر 10 دسمبر 2021 کو ریلیز کیا گیا تھا، جس کی کہانی خواتین کے گرد گھومتی ہے اور شائقین کو اس میں محبت، انتقام، انقلاب اور دوسروں کی خدمت کرنے کی مختلف کہانیاں دکھائی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ ویب سیریز اس سے قبل اکنامک ٹائمز اسپاٹ ایوارڈز میں بھی ویب پر بہترین تھرلر شو ہونے کا ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔یاد رہے کہ ویب سیریز کی کاسٹ میں اداکار شہریار منور، احسن خان، عثمان مختار اور سلیم معراج بھی شامل تھے۔
ویب سیریز کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی سراہا گیا تھا، تاہم پاکستان میں اس میں کرداروں کو بولڈ دکھائے جانے پر بھی بعض شائقین نالاں دکھائی دیے تھے۔اگرچہ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ کی تمام کاسٹ پاکستانی تھی، تاہم اس کی ہدایت بھارتی نژاد فلم ساز نے دی تھیں جب کہ اسے پروڈیوس بھی بھارتی نژاد پروڈیوسر نے کیا اور اسے ریلیز بھی وہیں کیا گیا تھا، اس لیے اسے بھارت کی جانب سے منتخب کرکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
مذکورہ فلم ایوارڈ میں بھارت اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ایشیائی ممالک حصہ لیتے ہیں، تاہم پاکستان اس ایوارڈ میں حصہ نہیں لیتا۔