سونے کے سکّے نکالنے والی اے ٹی ایم مشین متعارف

Dec 10, 2022 | 15:42:PM

(ویب ڈیسک )انڈیامیں پہلی بار سونے کے سکّے نکالنے والی اے ٹی ایم مشین متعارف کرائی گئی ہے۔گولڈ سکہ مشین بھارت کے شہر حیدر آباد میں گزشتہ ہفتے (3 دسمبر) نصب کی گئی ہے جہاں لوگ اپنی مرضی کے وزن کا انتخاب کرکے باآسانی سونا خرید سکتے ہیں۔چونکہ سونا ایک بہت قیمتی شے ہے اس لیے اس کے پن کوڈ کی حفاظت بھی کہیں زیادہ کرنی پڑے گی۔ اس مشین کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس مشین کی خوب دھوم مچی ہوئی ہے، اس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔بھارت میں نہ صرف شہری علاقہ جات بلکہ دیہاتی علاقوں میں بھی سونے کے خریداروں کی بڑی تعداد ہے۔انہیں تہوار اور شادی بیاہ کے موقع پر سونے کی خریداری کے لیے لمبی قطار میں لگنا پڑتا ہے اس پریشانی سے نجات دلانے کے لیے ایک بھارتی ٹیکنالوجی کمپنی نے گولڈ سکہ اے ٹی ایم مشین متعارف کروائی ہے۔صارفین بالکل اُسی طرح سونے کی خریداری کرسکتے ہیں جس طرح وہ عام اے ٹی ایم یا وینڈنگ مشین سے پیسے یا اشیاء خُور و نوش نکالتے ہیں۔

یعنی صارف کو مشین سے جتنے وزن کے سکّے کی ضرورت ہو، اس کا انتخاب کرکے اس کی قیمت کے مساوی رقم مشین میں ڈالنی ہو گی۔اس کے علاوہ بذریعہ کریڈٹ کارڈ خریداری کرنے کے لیے گولڈ سکہ اے ٹی ایم سے سونے کی خریداری کے لیے صارف کو اسی طرح پن کوڈ کی ضرورت ہوتی ہے جیسا کہ وہ کسی عام اے ٹی ایم میں درکار ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ اس مشین میں 0.5 سے 100 گرام تک 24 قراط سونے کی خریداری شوروم جائے بغیر ایک منٹ سے بھی کم وقت میں کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں