(ویب ڈیسک )امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے الیکٹرک کار کی لانچنگ 2026 تک مؤخر کر دی۔ آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل خود کار الیکٹرک کار جلد لانچ کرنے والی ہے، فی الوقت ’ایپل کار‘ کی لانچنگ مؤخر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر کمپنی کا بغیر اسٹیئرنگ وہیل یا پیڈل کے ایک آٹوموبائل بنانے کا ارادہ تھا، تاکہ مسافر لیموزین طرز کی گاڑی میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھ سکیں۔تاہم اب اس منصوبے میں ترمیم کر کے اسے تھوڑا مختصر کیا گیا ہے، اب اس کار میں ڈرائیور کی سیٹ، اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈل کے ساتھ روایتی ڈیزائن پیش کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
ڈیزائن میں اس بڑی تبدیلی کی وجہ سے اس کار قیمت بھی ایک لاکھ ڈالر سے کم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، اس گاڑی کے پروجیکٹ کو ’ٹائٹن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ایپل کے مطابق گاڑی میں سیلف ڈرائیونگ کی خصوصیات نہیں ہوں گی، لیکن یہ ہائی ویز پر خود ڈرائیو کرنے کی قابل ہوگی۔
صارفین اس گاڑی کو سڑک پر چلاتے وقت گیم بھی کھیل سکیں گے، یا ویڈیوز دیکھ سکیں گے، تاہم شہر میں چلاتے وقت یا خراب موسم کے دوران اسے خود سنبھالنا ہوگا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2020 میں رائٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے 2024 تک اپنی الیکٹرک گاڑیوں کی پروڈکشن شروع کی جاسکتی ہے۔ اس گاڑی کا دل اس کی بیٹری ہوگی جس میں انقلابی مونوسیل ڈیزائن موجود ہوگا۔اس بیٹری کی بدولت کمپنی کو پاور یل میں زیادہ متحرک میٹریل ایڈ کرنے کا موقع ملے گا، جو ایک چارج پر زیادہ فاصلے کی سہولت فراہم کریں گے۔
ایپل کی جانب سے لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل ایف پی) بیٹری کیمرسٹری کے استعمال کے امکان پر بھی کام کیا جارہا ہے، ایل ایف پی پاور سیلز دیگر کے مقابلے میں زیادہ گرم نہیں ہوتے اور ان کے لیے کوبالٹ کی ضرورت نہیں۔