آئندہ حکومت کسی لاڈلے اور سپر لاڈلے کی نہیں ہوگی، سراج الحق

Dec 10, 2023 | 20:09:PM

This browser does not support the video element.

(حسن علی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ آئندہ حکومت کسی لاڈلے اور سپر لاڈلے کی نہیں ہوگی۔

سراج الحق نے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبہ بھر کے ہر ضلع سے باصلاحیت نوجوان یہاں موجود ہیں، نوجوان ترقی، ملک کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، وہ نوجوان یہاں موجود ہیں جو کرپشن، جہالت، غربت اور سفارشی کلچر کیخلاف ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حقیقی معنوں میں خوشحال، کلین اور گرین پاکستان کی جانب یہ کنونشن اہم قدم ہے، ہماری سوشل میڈیا جدوجہد کا مقصد نئی نسل کی رہنمائی ہے، ہماری اس جدوجہد کا مقصد لوگوں کے ہاتھوں میں امید کی شمع دینا ہے، میرا کارکن سوشل میڈیا کا استعمال کرے گا لیکن کسی کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈا نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ن لیگ ،آئی پی پی سیٹ ایڈجسٹمنٹ،انتخابی حلقوں،امیدواروں کی فہرست تیار

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام پارٹیوں کے سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا وزٹ کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا صرف ایک پلیٹ فارم ہے جس میں جھوٹ اور پراپیگنڈا نہیں، آج سائنس و ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا دور ہے، پاکستان میں 19 کروڑ سے زائد لوگ موبائل کا استعمال کرتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا کو اللہ کے دین کیلئے استعمال کریں گے، ہم کرپشن کیخلاف سوشل میڈیا کی طاقت کو استعمال کریں گے، آئندہ حکومت عوام کے ووٹ کی طاقت سے بنے گی، سوشل میڈیا کی طاقت سے ہی اسرائیل کی حمایت کرنے والوں کو مؤثر جواب دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ سوشل میڈیا کی ہی طاقت ہے، 8 فروری تک سوشل میڈیا کی طاقت کو ملک کے روشن مستقبل کیلئے استعمال کرنا ہے۔

مزیدخبریں