عالمی برادری اسرائیلی بربریت کےخاتمےکیلئےعملی اقدامات کرے:صدر،وزیر اعظم
فلسطینی،کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے،آصف زرداری، شہباز شریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان نےانسانی حقوق کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہےکہ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ 1948ء کا اقوامِ متحدہ کا انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ اسلام کے بیان کردہ اصولوں کی عکاسی کرتا ہے، آج ہم انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنایا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں فلسطینی عوام کی حالتِ زار کو نہیں بھولنا چاہیے، فلسطینیوں کو غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا سامنا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ دن اقوامِ عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری کریں، دنیا کو اپنے دور کے سنگین ترین انسانی المیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، دنیا کو فلسطین کے عوام کی جاری نسل کشی فوری بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔