(24نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے رہنما پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر اسد قیصر اور ایڈووکیٹ جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے،وکیل نے کہا کہ اسد قیصر کے خلاف 3 مختلف مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے رہنما پی ٹی آئی کی درخواست پر اسد قیصر کی 3 ہفتوں کے لئے راہداری ضمانت منظور کر لی۔
علاوہ ازیں پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 26 نومبر کے واقعات میں برابر کی شریک ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوا، ہمارے جو مطالبات ہیں ان پر بات کریں گے،پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کوئی جواب آتا ہے تو دیکھیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کےمطابق جہدوجہد کررہے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ حکومت سیاسی کارکنوں کو دہشتگرد ڈکلیئر کر رہی ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے جبکہ حکومت دہشتگردوں کے بجائے پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے،ان کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کو باغ ناران میں شہداء کے لیے تقریب ہوگی، حکومت نے پر امن شہریوں پر گولیاں چلائیں،انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں ترمیم غیرقانونی طور پر پاس کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔