جی ایچ کیو حملہ کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 25 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 25 غیر حاضر ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، کنول شوزب، راشد حفیظ، کرنل شبیر، عمر تنویر بٹ اور شہریار آفریدی شامل ہیں،جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہونی تھی لیکن سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کے رخصت ہونے کے باعث ملتوی کی گئی۔
گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی سمیت 89 رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کروانے کا حکم بھی دے رکھا ہے جبکہ ملزموں کو آج گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
وارنٹ گرفتاری انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی جانب سے جاری کئے گئے تھے، ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری گزشتہ سماعت پر عدم حاضری کی بناء پر جاری کئے گئے تھے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔