لیسکو ملازمین کی تنخواہوں میں کروڑوں کا فراڈ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(شاہد سپراء) لیسکو میں افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں کروڑوں روپے کے مالی فراڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی نے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو میں افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں کروڑوں روپے کا مالی فراڈ سامنے آیا ہے جس کے لئے کروڑوں روپے کے غبن کی تحقیقات کے لئے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں کمیٹی نے انکوائری بھی شروع کر دی ہے،لیسکو کے افسران و ملازمین نے ریکارڈ میں ہیرہ پھیری کر کے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا،ابتدائی طور پر 30 کروڑ روپے کے فراڈ کی نشاندہی کی گئی، سیلری اکاؤنٹس کی مدد سے اضافی رقوم خردبرد کر کے جمع کروائی گئیں،تحقیقاتی کمیٹی نے افسران و ملازمین کے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
لیسکو میں اس سے قبل بھی پینشن کی ادائیگیوں میں خردبرد کے سکینڈلز سامنے آ چکے ہیں،اقبال ٹاؤن ڈویژن میں بائیس کروڑ روپے کی رقم خردبرد کرنے کا سکینڈل سامنے آیا تھاجبکہ راوی روڈ ڈویژن، سمن آباد، ڈیفنس اور قصور میں بھی مالی غبن کا سکینڈل سامنے آیا تھا۔