ریاستی اداروں کےخلاف پروپیگنڈا،پی ٹی آئی کے 23 کارکن گرفتار،150 سے زائد مقدمات درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ایف آئی اے نے ریاستی اداروں کےخلاف پروپیگنڈا میں ملوث پی ٹی آئی کے 23 کارکنوں کو گرفتارجبکہ150 سے زائد مقدمات درج کر لئے۔
ایف آئی اے کا سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کےخلاف منفی پرو پیگنڈا کرنے والوں کےخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے مخلتف کارروائیوں کے دوران اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، سکھر، حیدرآباد میں نئے کیسز درج کر لئے گئے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منگل کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا کارکنوں کے خلاف ملک گیر آپریشن جاری رکھا جن پر ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے بارے میں غلط پروپیگنڈہ پھیلانے کا الزام ہے۔
24نیوز ایچ ڈی ٹی وی چینل کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے اب تک 153 مقدمات درج کیے ہیں اور پی ٹی آئی کے 23 پروپیگنڈا کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے۔
لاہور اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں 69 ایف آئی آر درج کی گئیں جبکہ اسلام آباد میں 52 مقدمات درج ہوئے، کراچی میں 16، سکھر میں 4، حیدرآباد میں 5 اور کوئٹہ میں 7 ایف آئی آر درج کی گئیں۔
گزشتہ روز ایف آئی اے نے حیدرآباد سے پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے نائب صدر اور یوسی چیئرمین شکیب قائم خانی کو ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، ایف آئی اے نے قائم خانی پر الزام لگایا کہ وہ اکثر آن لائن جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔
اس سے قبل، 6 دسمبر کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی سے تعلق رکھنے والے 7 افراد کے خلاف واٹس ایپ گروپس اور ایکس اکاؤنٹس کے ذریعے ریاست مخالف مواد پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمات درج کیے تھے۔
ملزمان میں محمد سہیل، محمد جنید، شیخ محمد احسان، طارق جمیل، سید رضوان، محمد احمد اور بابر عظیم شامل ہیں۔
2 دسمبر کو وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کی سربراہی میں 10 رکنی مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دی تھی تاکہ آن لائن ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا سکے، آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف آئی اے اور آئی ٹی منسٹری کے ارکان اس فورس کا حصہ ہیں۔