ضمنی انتخابات میں رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

Feb 10, 2021 | 22:45:PM

(24نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخاب والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں میں رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ ضمنی انتخاب والے 8 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر رینجرز اور ایف سی اہلکار تعینات ہونگے، 8 حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر رینجرز اور ایف سی اہلکاروں کی تین تین دن تک تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے رینجرز اور ایف سی کے سکیورٹی افسروںکو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کر دیئے،پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات رینجرز اور ایف سی کے سکیورٹی افسرکسی بھی بے ضابطگی یا خلاف ورزی پر کارروائی کر سکیں گے،تمام سکیورٹی افسرکارروائی سے قبل متعلقہ پریزائیڈنگ آفیسرکو آگاہ کرنے کے پابند ہونگے۔
یاد رہے کہ پی بی 20 پشین ، پی ایس 43 سانگھڑ، پی ایس 88ملیر میں 16 فروری کو ضمنی انتخاب شیڈول ہے ،این اے 45 کرم ، این اے 75 سیالکوٹ ،پی پی 51گوجرانوالہ اور پی کے 63 نوشہرہ میں 19 فروری کو ضمنی انتخاب ہو گا جبکہ این اے 221 تھرپارکر میں 21 فروری کو ضمنی انتخاب ہو گا۔

مزیدخبریں