(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب سے بین الاقوامی سفرپرروانہ ہونےوالے شہریوں پرکروناوائرس ویکسین کی تیسری تقویتی خوراک (بوسٹرشاٹ) لگوانےکی پابندی نافذالعمل ہوگئی۔
العریبہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارتِ داخلہ نے 3 فروری کو اعلان کیا تھا کہ جو شہری 9 فروری سے مملکت سے باہرسفرپر روانہ ہونا چاہتے ہیں تو انھیں کووڈ-19 ویکسین کی تیسری خوراک لگوانا ہوگی۔16 سال سے کم عمرافراد اس قاعدے سے مستثنیٰ ہیں۔اسی طرح’ توکلنا‘ایپ پر’مستثنیٰ‘ زمرے کے تحت افراد کو سفر کے لئے ویکسین کی تیسری خوراک حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔باقی سب افرادکے لئے بوسٹر شاٹ دوسری خوراک سے تین ماہ کے بعد دستیاب ہے۔اس نئے ضابطے کوکووڈ-19 کے یومیہ کیسوں کوکم کرنے کے لئے نافذکیا گیا ہے۔عالمی سطح پراومیکرون قسم کی وجہ سے کرونا وائرس کے یومیہ کیس بڑھ رہے ہیں۔سعودی وزارت حج وعمرہ نےپیر کے روز اعلان کیا تھا کہ تمام عمرہ زائرین کو اپنی ’’مدافعتی‘‘حیثیت سے قطع نظر مملکت روانگی سے 48 گھنٹوں کے اندر کئے گئے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔اس سے قبل فروری میں حکام نے بوسٹر شاٹس کو لازمی قرار دیا تھا تاکہ ملک کی رابطہ ٹریسنگ ’توکلنا‘ ایپ میں مدافعتی حیثیت ظاہر ہوسکے۔حکام نے واضح کیا تھا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے جن افراد کو آٹھ ماہ سے زیادہ عرصہ قبل ویکسین کی دوسری خوراک لگ چکی ہے،انھیں ’توکلنا‘ ایپ پرمدافعتی حیثیت ظاہرکرنے کے لئے اب تیسری خوراک لگوانا ہوگی۔ سعودی عرب میں جنوری کے وسط میں کووِڈ-19کے یومیہ کیسوں کی تعداد قریباً 6000 کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات دوبارہ متعارف کرائے گئے تھے۔اس کے نتیجے میں فروری میں یومیہ کیسوں میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عامر لیاقت کی تیسری شادی ۔۔نئی دلہن کیساتھ ویڈیو وائرل کر دی