(24 نیوز) اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں، آئی ایم ایف ڈیل کے تحت 170 ارب کے ٹیکسز لگانے ہونگے، ٹیکسز سے غریب عوام پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہد ہ کیا تھا، کل آئی ایم ایف سے مذاکرات کا آخری راؤنڈ ہوا، حکومت اور معاشی ٹیم پوری تگ ودو سے کام کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھی زوم کے ذریعے میٹنگ میں شامل ہوئے، ہر چیز پر مشاورت سے باہمی طور پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے بھی کہا آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد کرینگے، گزشتہ 5 سال میں ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، گزشتہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی کیوجہ سے معیشت کو نقصان ہوا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سوموار کو آئی ایم ایف سے ورچوئل میٹنگ ہوئی، ہمیں آئی ایم ایف سے ملنے والی رقم سے متعلق مثبت نتائج ملیں گے، ٹیکسز سے غریب عوام پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا، آئی ایم ایف ڈیل کے تحت 170 ارب کے ٹیکسز لگانے ہونگے۔