کراچی: جناح ہسپتال سے حاملہ خاتون مبینہ طور پر لاپتہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی کے جناح اسپتال میں زچگی کیلئے لائی گئی خاتون مبینہ طور پرلاپتہ ہوگئی۔
اہل خانہ کے مطابق 24 سالہ خاتون کو صبح 11 بجے زچگی کیلئے اسپتال لایا گیا تھا، دوپہر 1 بجے خاتون کھانا کھانے کیلئے ہسپتال سے باہر گئیں، کھانا کھانے کے بعد وہ دوبارہ اسپتال چلی گئی تھیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے کیمروں میں خاتون کے اسپتال کے اندر جانے کی ویڈیو ہے لیکن واپسی باہر جانے کی کوئی ویڈیو نہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں خاتون کے نام سے کوئی انٹری نہیں، اہل خانہ کے مطابق ڈاکٹر نے خاتون کو تین چار گھنٹے بعد آنے کا کہا تھا، تاہم چار گھنٹے بعد خاتون کی نند اسے لیبر روم میں لے کر آئی، جس کے بعد خاتون نے اپنی نند کو اس کے شوہر سے موبائل فون لانے کا کہا، نند جیسے ہی موبائل فون دینے لیبر روم گئی تو خاتون وہاں نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی کے دو مختلف علاقوں سے انسانی دھڑ اور بازو برآمد
خاتون کے شوہر وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 4 گھنٹے پہلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو دکھائی گئی، سی سی ٹی وی ویڈیو میں بیوی باہر جاتے نظر نہیں آئی۔
وسیم نے کہا کہ صبح اسپتال میں جو ڈاکٹر ملی تھی اب انتظامیہ کہتی ہے کہ وہ ڈاکٹر چھٹیوں پر ہے۔ پولیس نے خاتون کےاہل خانہ کی گمشدگی کی شکایت پر تفتیش شروع کردی ہے۔