حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد، عمران خان 15 فروری کو طلب

Feb 10, 2023 | 11:10:AM
اسلام آباد عدالت نے آئندہ سماعت پرسابق وزیراعظم عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)اسلام آباد عدالت نے آئندہ سماعت پرسابق وزیراعظم عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمران خان کی طبی بنیادوں پر دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کے 15 فروری کیلئے طلبی کے سمن جاری کر دیے۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی جبکہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

بابراعوان کی جانب سے عمران خان کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ  عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔ 21 اکتوبر کو مقدمہ ہوا اور 24 کو عمران خان کی ضمانت ہوئی۔

پراسیکیوٹرنے کہا کہ جتنے میڈیکل دیے گئے ہیں وہ شوکت خانم کے ہیں، شوکت خانم کا میڈیکل قانونی طور پر لیگل نہیں ہے۔  یہاں قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پیش ہوئے تو ٹھیک نہیں تو ضمانت قبل از گرفتاری پر آرڈر دے دیں گے۔

جسٹس راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کر دی۔ عمران خان کےخلاف دہشتگردی کی دفعات کےتحت تھانہ سنجانی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران کار سرکار میں مداخلت اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں اسلام آباد کی ضلعی عدالت کے جج حسن چشتی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 29 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

پولیس نے عمران خان کے خلاف مقدمہ کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔ پرواسیکیوٹر عائشہ اکبر اور تفتیشی افسر ریکارڈ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ عمران خان کے خلاف تھانہ سہالہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔