پاکستان بینک کرپٹ نہیں ہو رہا: چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے سپرٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کر کے سماعت اگلے ہفتے مقرر کردی۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپر ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بینک کرپٹ نہیں ہو رہا، روزانہ پاکستان سے چار کروڑ ڈالر غیر قانونی طور پر باہر جا رہے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں صرف منظم ہو کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر ایک کو ملک کے مفاد کے لیے اپنے آپ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حکومت فارن کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کرے تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔
دورانِ سماعت وکیل ایف بی آر نے کہا کہ سپر ٹیکس کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا حتمی فیصلہ آ گیا ہے، لاہورہائی کورٹ نے سپر ٹیکس کے فیصلے پرعملدرآمد 60 دن کے لیے معطل کر دیا۔
سپریم کورٹ نے سپر ٹیکس کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے سماعت اگلے ہفتے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپر ٹیکس کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی کردی۔