سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کی تیاری کرے کیونکہ بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے اپنے شاہانہ خرچے کم نہیں کیے ہیں لیکن یہ ملک الیکشن کی طرف جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی کارروائی سے واضع ہے کہ نوے دنوں میں انتخابات کرانا لازمی ہے لیکن اب معاملہ یہ کہ اعلان کس نے کرنا ہے صرف یہ طے ہونا باقی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں سماعت کے دوران گورنرکےوکیل نے کوئی آئینی قانونی بحث نہیں کی جبکہ وزارت خزانہ نے یہ لکھ کر بھیج دیا کہ ہمارے پاس پیسے ختم ہوگئے، یہ الیکشن سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔
دوسری جانب فواد چوہدری نے کہا کہ 90 دن کو 11 سال میں تبدیل کرنے کی سازش ہورہی ہے لیکن ہم کوشش کررہے ہیں کہ یہ سازش نا کام ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ پیسے نہیں ہیں یہ سب بےبنیاد ہے، ہم دنیاکی چھٹی فوج اورساتویں ایٹمی طاقت ہیں اور جمہوریت کی فتح ہوگی اور 90 روز میں الیکشن ہونگے۔