(محسن الملک) حکومت جاپان نے ٹیکسلا میوزیم کی نوادرات کے تحفظ اور نمائش کی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے پاکستان سے معاہدہ کرلیا۔
اس حوالے سے جاپان ٹیکسلا میوزیم کے تحفظ اور نمائش کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے اعشاریہ 37 ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔
اسلام آباد میں وزارت اقتصادی امور میں امداد کیلئے دستخطی تقریب میں معاہدہ طے ہوا جس میں جاپان کے سفیر واڈا میتسوہیرو بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائکا) کے چیف نمائندے کننوشیتا یسومیسٹو بھی شامل تھے۔
اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے تقریب میں وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز بھی شریک ہوئے۔
اس پروجیکٹ کا مقصد ملکی اور غیرملکی سیاحوں کے درمیان گندھارن بدھ مت کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر جاپانی سفیر واڈا میتسوہیرو نے کہا کہ حکومت جاپان ثقافتی ورثے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں مزید سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کا باعث بنے گا۔