سموگ ، فضائی آلودگی کا خاتمہ ، 28 بھٹے مسمار،14 صنعتی یونٹس سیل، 5،5 لاکھ جرمانہ

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کا کریک ڈاﺅن جاری،تین دِن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے ولے 28 بھٹے مسمار،14 صنعتی یونٹس سیل، 3,827 مقامات پر چھاپے، ہزاروں کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کر لئے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیکسٹائل، سٹیل اورچاول ملوں کے خلاف کارروائی بھی کی گئی جس میں343 کو نوٹسز جاری، 5.5 لاکھ روپے جرمانے بھی عائد کئے گئے، شیخوپورہ میں پلاسٹک پگھلانے اور زہریلے دھوئیں کے اخراج پر 2 پلانٹس بھی گرادئیے گئے ، ڈرون سے بھی نگرانی جاری ہے،رحیم یار خان میں سب سے زیادہ 6 بھٹے مسمار، راجن پور اور وہاڑی میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔
مزید پڑھیں:ڈی ریل نہ کیا جاتا تو آج پاکستان کہیں آگے ہوتا، نواز شریف
دوسری طرف فضائی آلودگی ناپنے کے 60 جدید مانیٹرز کی تنصیب سے ماحولیاتی انڈیکس میں بہتری کا آغاز ہوا ہے ،زیر تعمیر مقامات پرپانی کے چھڑکاﺅ کے جدید نظام کی تنصیب کی گئی ہے۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کارروائیوں پر محکمہ تحفظ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار ہر شعبے میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے ملٹی سکٹورل میگاپلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے، انہوں نے خبر دار کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر قانون معاف نہیں کرے گا،پنجاب میں ماحول کی حفاظت ہر زندگی کی حفاظت ہے،قانون کے موثر نفاذ اور نگرانی سے ماحول کی بہتری اور سموگ کے خاتمے کا ہدف حاصل کریں گے۔