(24 نیوز)پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی )نے وفاقی کابینہ کی جانب سے متنازع مردم شماری کی منظوری کیخلاف 17 جنوری کواحتجاجی ریلی اور مظاہرے کا اعلان کردیا جو دوپہر 2 بجے نرسری شاہراہ فیصل سے شروع ہوکر کراچی پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہو جائے گی۔
مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے نام پر کراچی سے انتخابات جیتنے والوں نے وفاقی کابینہ سے متنازع مردم شماری کو منظور کروا کر کراچی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ہے، جب تک پاک سر زمین پارٹی کا ایک کارکن بھی موجود ہے تب تک کراچی کیساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہاگیاہے کہ پاک سر زمین پارٹی اہلیانِ کراچی کے حقوق کے حصول کےلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، کراچی سب کو اپناتا ہے، وقت آگیا ہے کہ سب کراچی کو اپنائیں،اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ 17 جنوری کو دوپہر 2 بجے اہلیانِ کراچی بلاتفریق پاک سر زمین پارٹی کی احتجاجی ریلی اور مظاہرے میں شرکت کرکے ظالم حکمرانوں کو بتا دیں کہ کراچی لاوارث نہیں رہا۔
پاک سرزمین پارٹی کا متنازع مردم شماری کیخلاف 17 جنوری کومظاہرے کااعلان
Jan 10, 2021 | 19:15:PM