(24نیوز) پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کے داخلے مکمل ہوگئے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے داخل شدہ امیدواروں کی فہرستیں کالجوں کے حوالے کردیں جبکہ میڈیکل کالجوں کو نئے طلبہ کی دستاویزات کی تصدیق کا عمل 28 فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت مل گئی ہیں ۔
یو ایچ ایس کے زیر اہتمام ایم بی بی ایس کی 3192 سیٹوں پر داخلے کیے گئے جو کہ ڈیڑھ ماہ کے اندر مکمل کیے گئے ہیں ۔ ایم بی بی ایس کیلئے امیدواروں سے 18,030 روپے پہلے سال کی فیس وصول کی گئی ہے ۔امیدواروں کی سہولت کیلئے پہلی مرتبہ امیدواروں سے فیس یو ایچ ایس نے خود وصول کی۔داخل ہونے والے طلبہ کی فیس ان کے متعلقہ کالجز کے اکاؤنٹ میں براہِ راست منتقل کردی جائے گی۔
پنجاب کے 16 سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کے سینٹرالائزڈ داخلے کیے گئے۔بین الصوبائی سیٹوں پر بلوچستان، کے پی کے اور آزاد جموں و کشمیر کے کالجوں کیلئے بھی داخلے کیے گئے ۔کالجز طلبہ کی جائننگ کا عمل مکمل کرکے یکم مارچ سے کلاسز شروع کریں، وی سی یو ایچ ایس کا میڈیکل کالجز کے سربراہان کو خط ۔