این اے 122 سے عمران خان کی اپیل مسترد،یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

Jan 10, 2024 | 11:07:AM

(ملک اشرف)  الیکشن ٹربیونل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل کو مسترد کردیا جبکہ یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے آراو کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی جس دوران این اے 122 سے عمران خان کے کاغذات مسترد کیے جانے کے آر او کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عمران خان نااہل ہوچکے ہیں اور ان کے تجویزہ کنندہ کا تعلق بھی این اے 122 سے نہیں جبکہ (ن) لیگ کے وکیل نے بھی عمران خان کی اپیل کی مخالفت کی۔

الیکشن ٹربیونل کے جج نے آر او کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کردیا۔

دوسری جانب اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: لکی مروت,نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ،ایک ہی خاندان کے 8 افراد قتل

الیکشن ٹربیونل نے یاسمین راشد کے کاغذات مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور این اے 130 سے ان کے اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی رہنمااعظم خان کو بھی پی پی 160 سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ ریٹرننگ افسر نے اعظم خان کے کاغذات مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس محمد طارق ندیم پر مشتمل ٹربیونل نے اعظم خان کی اپیل پر سماعت کی۔ اپیل کنندہ کی جانب سے مظہر امین ایڈوکیٹ نے دلائل دئیے۔

 پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ مل سکی۔ اعجازِ چوہدری کی این اے 127 لاہور سے انتخاب کی اجازت کے لئے دائر الیکشن اپیل خارج کر دی گئی۔ ریٹرنگ آفسر نے اعجاز چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ جسٹس محمد طارق ندیم پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نےاعجاز چوہدری کی الیکشن اپیل خارج کی۔
علاوہ ازیں چوہدری پرویز الٰہی ، قیصرہ الہیٰ اور مونس الہی  کی الیکشن اپیلیں خارج  کردی گئیں، ریٹرننگ افسران نے پرویز الٰہی ، قیصرہ الہیٰ اور مونس الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

 جسٹس احمد ندیم ارشد الیکشن اپیلیٹ ٹربیونل نے  محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، پرویز الہی و دیگر گجرات اور منڈی بہاوالدین سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کیں، ریٹرننگ افسران نےپرویز الٰہی و دیگر  کے این اے 64،69 اور پی پی 32,34 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے۔

مزیدخبریں