مجھے چوتھے نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کا ہے، فخر زمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ مجھے چوتھے نمبر پر بھیجنے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کا ہے، جسے میں خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔
آکلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ اوپننگ سے نیچے پوزیشن میں بیٹنگ کرانا ٹیم منیجمنٹ کا فیصلہ ہے،پھر اگر مجھے نمبر تین پر اور نمبر چار پر بھی بھیجیں گے تو میں خوشی سے جاؤں گا کیونکہ یہ نیشنل ٹیم ہے ہزاروں لڑکے لائن میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کبھی نہیں کہہ سکتے کوئی قربانی دے رہا ہے اگر مجھے چھٹے اور ساتویں نمبر پر بھی بھیجا جائے گا تو خوشی سے جاؤں گا، اوپننگ سے نیچے پوزیشن میں بیٹنگ کرانا ٹیم منیجمنٹ کا فیصلہ ہے، جسے خوش قسمتی سمجھتا ہوں
ایک سوال پر فخر زمان نے کہا کہ شاہین آفریدی میں لیڈر شپ کوالٹی ہے انہوں نے مجھ سمیت سب کو غلط ثابت کیا کہ وہ کپتانی نہیں کر سکیں گے، شاہین آفریدی نے خود کو بہت گروم کیا ہے، فرنچائز اور نیشنل ٹیم کی کپتانی میں فرق ہوتا ہے لیکن میں دعاگو ہوں کہ جس طرح انہوں نے لاہور قلندر کو پی ایس ایل میں کامیاب کرایا اس ہی طرح وہ نیشنل ٹیم کو بھی کامیابی دلوائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سر پر گیند لگنے سے کرکٹر کی موت ہوگئی
فخر زمان نے کھلاڑیوں کو آرام دینے کے حوالے سے کہا کہ اگر انہیں کبھی آرام دیا گیا تو انہیں کوئی مسلئہ نہیں ہو گا، بابر اعظم اور محمد رضوان کا بہت تجربہ ہے ان کے نمبر کو تو اوپر نیچے کیا جاسکتا ہے لیکن ان کی جگہ لینا آسان نہیں ہوگا، ورلڈ کپ سے قبل 15 سے 20 میچز ہیں بیک اپ تیار ہونا چاہیے اور کھلاڑیوں کو آرام بھی ملنا چاہیے، نئے کھلاڑی اچھے ہیں لیکن انہیں وقت دینا ہو گا تاکہ وہ بہتر ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف اننگز ذہن میں ہے کوشش ہوگی کہ اس ہی مومنٹم کو لے کر آگے بڑھوں، نیوزی لینڈ کے خلاف میرے رنز زیادہ ہیں، نیوزی لیند کی ٹیم ہر کنڈیشن میں مشکل ٹیم ثابت ہوتی ہے۔
فخر زمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم نے بھی بھرپور تیاری کی ہے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کا شمار اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بہت ٹف ثابت ہوگی اور بہت تگڑے میچز ہوں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی 20 میچز کی سیریز 12 جنوری سے شروع ہو گی۔