(حسن علی) شمالی لاہور سے پی ٹی آئی کی اہم وکٹ گر گئی، پی ٹی آئی کے بلدیاتی رہنما عاطف گجر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی عہدیدار و بلدیاتی رہنما عاطف گجر نے عبدالعلیم خان کی حمایت کا اعلان کر دیا، انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی، استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کے لئے عاطف گجر نے اپنے ڈیرے پر شاندار استقبالیے کا اہتمام کیا، شعیب صدیقی نے سابق کونسلر عاطف گجر کی دعوت پر یو سی 165 گھوڑے شاہ کا دورہ کیا، آئی پی پی کے ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی شعیب صدیقی کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق سینیٹراور این اے 258 سے اہم لیگی امیدوار پر قاتلانہ حملہ
استقبالیہ تقریب میں عاطف گجر نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر انتخابات میں عبدالعلیم خان اور آئی پی پی کے ساتھ چلنے کا اعلان کیا، وہ سابق کونسلر بھی ہیں، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما حاجی محمد احمد اور میاں سلمان نے بھی آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر عاطف گجر نے عزم ظاہر کیا کہ 8 فروری تک عبدالعلیم خان اور آئی پی پی کی ٹیم بن کر دن رات محنت کریں گے جبکہ شعیب صدیقی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے شرکاء سے کہا کہ عبدالعلیم خان سیاسی نہیں درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں، فری ڈسپنسریاں، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور فلاحی منصوبے عبدالعلیم خان کی پہچان ہیں، مستقبل میں کم ترقی یافتہ علاقوں کو خصوصی ترجیح دیں گے۔