لکی مروت: سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

Jan 10, 2024 | 21:18:PM
لکی مروت: سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 جوان شہید ہو گئے۔

پاک آرمی کے ادارہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد آفتاب عرف ملنگ اور مسعود شاہ ہلاک ہو ئے، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر!ایک اور امیدوار کو فائرنگ کرکے ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا

دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے 2 جانباز شہید ہوئے، شہداء میں بھمبر کے 29 سالہ سپاہی محمد افضل اور مانسہرہ کے 27 سالہ سپاہی ابرار حسین شامل ہیں۔

علاقے میں  ممکنہ دہشتگردوں کےخاتمےکےلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کےخاتمے کےلیے پرعزم ہیں، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں 2 فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ فوجی جوانوں محمد افضال شہید اور ابرار حسین شہید جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو فخر رہے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی لکی مروت میں فوج کے 2 جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوان اپنی جانیں قربان کرکے دھرتی ماں کو دہشت گردوں سے پاک کر رہے ہیں، شہید محمد افضال اور شہید ابرار حسین کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ہماری دھرتی ماں دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک ہوگی انشاءاللہ، انہوں نے شہید فوجی جوانوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔