بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کے لئے اچھی خبر

Jan 10, 2025 | 18:44:PM

(24نیوز) سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز نے بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کو بڑی خوشخبری دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایک ماہ میں انہیں ریلیف مل جائے گا۔

ان کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ معاملات 30 دن میں مکمل ہونے کی توقع ہے جس سے بجلی کی قیمت 10 روپے فی یونٹ کم ہونے کی امید ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی پیدا نہ کرنے والے آئی پی پیز کو ایک ہزار ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ ادا کی جا رہی تھی، حالانکہ وہ بجلی پیدا نہیں کر رہے تھے۔

اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جو ہر پاور پلانٹ کی کارکردگی کو دیکھ کر صرف اتنی ہی ادائیگی کرنے کا فیصلہ کرے گی جتنی بجلی وہ پیدا کر رہے ہیں۔ 

یاد رہے کہ یکم جولائی 2024 سے آئی پی پیز کے ساتھ کیپسٹی پیمنٹ کے معاملے کو اٹھایا گیا تھا کیونکہ کئی آئی پی پیز بجلی نہیں بناتے لیکن پیسے لے رہے تھے۔ 

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے بھی اس معاملے کا ذکر کیا تھا اور کہا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کا اثر عوام تک پہنچ چکا ہے۔

اویس لغاری کے مطابق بجلی کی قیمتیں 10 سے 12 روپے فی یونٹ کم ہو سکتی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یہ قیمت 50 روپے کم ہو جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بگاس کے 8 پلانٹس اور 16 دیگر پلانٹس کا جائزہ لیا جائے گا اور مزید آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں: وزیراعظم

مزیدخبریں