تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش  کی پیشگوئی

Jan 10, 2025 | 19:35:PM

(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آج رات ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنےکا امکان ہے ۔تاہم شمال مشرقی پنجاب میں شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ادھر جنوب مشرقی پنجاب اور مشرقی سند ھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ہفتہ کے روز موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کاکہنا تھا کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع  ہے  جبکہ چند مقامات پر بونداباندی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین کیلئے اچھی خبر

ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔تاہم  صبح کے اوقات میں بنوں،لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پرہلکی دھند پڑنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال ، سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال اور گرد و نواح میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم مری، گلیات اورگردونواح میں موسم شدید سرد رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش / ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ صوبہ کے جنوبی/وسطی علاقوں میں دھند چھاۓ رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:1992 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن، سابق پاکستانی کرکٹر کو سعودی عرب میں بڑا عہدہ مل گیا

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنےکا امکان  ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان  ہے۔تاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

نوٹ:آج ریکارڈ کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی 13، استور منفی 12، گوپس منفی11، اسکردومنفی 10، کالام منفی08، ہنزہ منفی07،بگروٹ ، گلگت منفی 06،دیر، پاراچنار،قلات اور راولاکوٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:شدید سردی کے باعث سکولوں میں مزید چھٹیاں ؟اہم خبر آ گئی

مزیدخبریں