وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

Jan 10, 2025 | 19:54:PM
وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سے ملاقات کے دوران لڑکیوں کی تعلیم پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں تنظیم کی حمایت کو سراہا۔ 

ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ کانفرنس عالمی سطح پر یہ پیغام دے گی کہ مسلم دنیا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے میں مسلم ورلڈ لیگ کے تعاون کی تعریف کی۔ 

شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کی حمایت کا اعادہ کیا اور سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا، امید ظاہر کی کہ یہ اہم منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے سرگرم رہے گا خاص طور پر سیرت میوزیم کے حوالے سے۔

سیکرٹری جنرل نے کانفرنس کے شاندار انتظامات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی عزم و کوششوں کی تعریف کی۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر "اسلام آباد ڈیکلریشن" جاری کیا جائے گا جو خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کانفرنس میں دنیا بھر سے علماء، سکالرز اور ماہرین تعلیم حصہ لے رہے ہیں۔ 

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کانفرنس خواتین کی تعلیم اور اسلامو فوبیا جیسے مسائل پر غلط فہمیاں دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کی۔

ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

مزید پڑھیں:معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں: وزیراعظم