سعد رضوی کی نظر بندی میں 90 روز کی توسیع ۔۔سپر یم کورٹ میں نئی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Jul 10, 2021 | 20:11:PM

(24نیوز)محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعد رضوی کی نظر بندی میں 90روز تک کی توسیع کی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نظر بندی کے دوران سعد رضوی کوٹ لکھپت جیل میں ہی بند رہینگے۔عدالت نے چند روز قبل ان کی نظر بندی میں توسیع میں مزید اضافے سے انکار کرتے ہوئے ان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا ۔جس کے پیش نظر آج سعدر ضوی کی رہائی متوقع تھی ان کے کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر ان کا استقبال کرنے پہنچی تھی۔

دریں اثنائ کالعدم تنظیم کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بارہ جولائی کو حافظ سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر سماعت ہوگی۔سپریم کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل بنچ 12 جولائی کو سماعت کرے گا ۔درخواست میں پنجاب حکومت ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مو قف اپنا یا گیا ہےکہ لاہور ہائیکورٹ کا سعد رضوی کی نظر بندی کے خلاف درخواست خارج کرنا خلاف قانون فیصلہ ہے ۔ سعد حسین رضوی کے خلاف کوئی مواد ریکارڈ پر موجود نہیں ، ہنگامے کے دوران پولیس کے ہاتھوں 26 لوگ مارے گئے ،450 ورکر شدید زخمی ہوئے ۔ سپریم کورٹ لاہور ہائیکورٹ کا سعد رضوی کی نظر بندی کے خلاف درخواست خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ سعد حسین رضوی کی نظر بندی کالعدم قرار دے کر جیل سے رہائی کا حکم دے۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹر عمر اکمل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں۔۔4 ملزم گرفتار۔۔اہم انکشافات

مزیدخبریں