(ویب ڈیسک) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے ہزاروں اجتماعات ہوئے جس میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سمیت امت مسلمہ کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کی مسجد طوبیٰ میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید پڑھی، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم کے ساتھ ہی نماز عید ادا کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید پڑھائی جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں نماز عید پڑھی۔
نماز عید کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو بھی سکیورٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں جبکہ الائشیں اٹھانے کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔