آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے، آصف زرداری،عوام کو عید کی مبارک باد دیتے ہیں،بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غربت ، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی۔ ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو, عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ ہم سب کو ملکر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین نے کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد رکھا جائے۔ کشمیری عوام اس وقت ظلم ،جبر، اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں۔ کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں آباد مسلمان بھائی اور بہنیں اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کے ساتھ معاشی اور سماجی انصاف ہو اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔ پاکستان پیپلزپارٹی غربت ، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کے خلاف جنگ لڑتی رہے گی۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشیوں کا یہ تہوار افریقہ سے لے کر برصغیر تک مسلم امہ کو متحد کرتا ہے،بلاول نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظیم تر بھلائی کے لیے عزم اور قربانی کامیابی کی راہ ہموار کرتی ہے۔
قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی بھی قوم اور معاشرہ اخلاقی بالادستی حاصل نہیں کر سکتا۔ ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان سے بچانے کے لیے ہمیں ملکر قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ ہمارے لیے اپنی انا، ترجیحات، ذاتی اور گروہی مفادات کو پس پشت ڈالنا بہت ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو اپنی جدوجہد میں بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔