قبل از وقت انتخابات: چودھری شجاعت حسین نے بڑا بیان دے دیا

Jul 10, 2022 | 14:34:PM

(24 نیوز) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات کے لیے جو حالات پیدا کیے جا رہے ہیں ملکی سلامتی کے لیے بہتر نہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے 24 نیوز سے خصوصی گفتگو میں عید پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں سیاسی کشیدگی کی کمی کا پیغام دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم جس عذاب میں پھنسی ہوئی ہے ہمیں مل کر اس کیلیے کام کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ضمنی الیکشن: فواد چودھری نے بڑا دعویٰ کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈران کو تنقید کا سامنا ہے، تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئے، سیاسی مخالفت کو ذاتیات پر نہیں لے کر جانا چاہئے، اب مصیبت یہ ہے کہ سیاسی اختلاف کو ذاتیات پر لے آئے ہیں جس سے کام خراب ہو جاتا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے ملکی حالات کے پیش نظر نیشنل ڈائلاگ کو لازمی قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو متنازع نہیں بنانا چاہئے اور نہ ہی کسی کو اس کام کی اجازت دینی چاہئے۔

انہوں نے عدلیہ اور فوج کے ذریعے نیشنل ڈائلاگ کرانے کا مشورہ دے ڈالا اور کہا کہ ملک کی سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے سب کو مل کر بیٹھنا ہے اور یہ صرف دو ادارے ہی کر سکتے ہیں، نیشنل ڈائلاگ نہیں ہوتا تو نتائج بہت برے ہوں گے، ملک کے دو بڑے ادارے بیٹھ جائیں تو وہ فیصلہ کر لیں جو سب کو منظور ہوگا۔

مزیدخبریں