" سازشی، فتنہ اور فسادی ٹولہ ملک لوٹ کر چلا گیا،آج اس کا کوئی ترجمان بھی نہیں"، مریم اورنگزیب

Jul 10, 2023 | 19:33:PM

(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کاکہنا ہے  کہ سازشی، فتنہ اور فسادی ٹولہ ملک اور عوام کو لوٹ کر چلا گیا، اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلائی جا رہی ہےجبکہ آج کل  سازشی ٹولے کاکوئی ترجمان نہیں۔

وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب نے آج پریس  کانفرنس میں کہا کہ  فارن ایجنٹ نے ٹویٹ میں کچھ سوالات اٹھائے ہیں،فارن ایجنٹ نے ٹویٹ میں کہا ہے  کہ 9مئی کے واقعات کا کس کو فائدہ پہنچا؟یہ خود کہتا تھا کہ 9مئی کے واقعات میری گرفتاری کے ردعمل میں ہوئے، 9مئی کے واقعات کا فائدہ پاکستان کے دشمن کو ہوا، 9مئی کے واقعات کی سازش کی ناکامی کا فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوا۔،

انہوں نے کہا کہ یہ شخص جھوٹا اور ذہنی مریض ہے، اس کا مرض لاعلاج ہے، جو مجرم اور جھوٹا ہوتا ہے وہ کوئی جواب نہیں دیتا، فتنےکے کہنے پر دوسروں کو چورکہنےوالے لوگ آج نواز شریف کی اچھائی کی گواہیاں دے رہے ہیں،اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلائی جا رہی ہے،میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ایسی حرکتوں سے اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار یہ عمران خان ہو گا،آج کل تحریک انصاف کا ترجمان کوئی بھی نہیں،آج کل ان کا ترجمان ٹویٹر ہے،کوئی بھی شخص اپنا چہرہ اس فتنے اور فسادی کیلئے سامنے لانے کو تیار نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں تم واحد شخص ہو جس نے ہر جرم کیا ہے،تم قوم کے مجرم ہو، تم شہداء اور ان کے ورثاکے مجرم ہو، تم ملک میں نفرت اور انتشار پھیلانے کے ذمہ دار ہو،تم نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرائی، مسجدیں ، ہسپتال اور جناح ہاؤس جلایا، تمہیں کیا پتا کہ زیادتی کیا ہوتی ہے، کسی کی بہن اور بیٹیاں کیا ہوتی ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ہم سراونچا کر کے ہر عدالت میں پیش ہوئے،تم نےاپنے دور میں سیاسی مخالفین  کوجھوٹے مقدمات بناکرجیل میں ڈالا،تمہیں عزت دارطریقے سے زمان پارک میں وارنٹ دیے اور تم نے کیا سلوک کیا،تم نے زمان پارک میں رینجرز اور پولیس والوں پر پٹرول بم برسائے اور پتھراؤ کیا، تم نے خواتین اور بچوں کو اپنی لیے ڈھال کے طور پر استعمال کیا،تم نے ریاست کی طاقت استعمال کی لیکن مخالفین پرلگائے الزامات ثابت نہ کر سکے۔

 وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نوازکے کیس میں عدالت نے کہا کہ ثبوت کے طور پر کاغذکا ایک ٹکڑا بھی پیش نہیں کیا گیا،تم اپنی چوری اور کرپشن کا جواب نہیں دینا چاہتے،چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی لوٹ مار کا جواب تو دینا پڑے گا،تمہارا تباہ کیا ہوا ملک اب ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے،تم اب تماشہ ختم کر دو، عوام کو پتا چل گیا ہے کہ ملک کے خلاف سازش کس نے کی،تم نے منصوبہ بندی کے ذریعے ملکی معیشت کے خلاف سازش کی۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کر کے کہا  جو الزامات تم دوسروں پر لگاتے رہے وہ جرم تم نے خود کیے،9مئی کوتوڑ پھوڑ اور جلاؤگھیراؤ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ 9مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈایک شخص ہے، شرپسندوں کو مکمل ہدایات جاری کی گئیں،فتنہ اور فسادکی تربیت زمان پارک میں فراہم کی جاتی رہی۔

مریم اورنگزیب نے کہا عدالت میں پیشی سے پہلے چئیرمین پی ٹی آئی نے ویڈیو پیغام دیا کہ میری گرفتاری پر ردعمل دیا جائے۔ فارن ایجنٹ کاملک سے باہر بیٹھافسادی ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے۔ اسی ٹولے نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداء کے خلاف مذموم مہم چلائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:نوازشریف نے وزیراعظم کو فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کا ٹاسک سونپ دیا

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے معیشت کی بحالی کیلئے سخت فیصلے کیے۔وزیراعظم نے عوام کوریلیف فراہمی کیلئے تمام اقدامات کئے،عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم نے ریلیف پیکج دیئے، عام آدمی کیلئے اب روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ نوجوانوں کے نام کیا۔



مزیدخبریں