شیخ رشید کی گاڑیوں کی سپرداری درخواست پر فیصلہ محفوظ

Jul 10, 2023 | 19:55:PM

(24 نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گاڑیوں کی سپرداری درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاگیا، عدالت نے کہاکہ آج ہی ایس ایچ او شفقت فیض کو طلب کرکے وضاحت مانگی جائےگی، 
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آبادمیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی گاڑیوں کی سپرداری درخواست پر سماعت ہوئی،شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزادکی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل سردار عبدالرازق نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ایس ایچ او سپرداری فیصلے کے باوجود شیخ رشید کی دو بلٹ پروف گاڑیاں واپس نہیں کررہا، اگر ایس ایچ او کی شان میں گستاخی نہ ہو تو اسے عدالت میں طلب کرکے وضاحت لی جائے،کیا ایس ایچ او شفقت فیض عدالت، آئین اور قانون سے بڑا ہے؟
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ایس ایچ او شفقت فیض عدالتی احکامات اور آئین و قانون کا مذاق بنا رہا ہے،شیخ رشید کی گاڑیاں ڈیڑھ ماہ سے پولیس کی غیر قانونی تحویل میں ہیں،ایس ایچ او نے سپر داری احکامات کی تعمیل کرنے کے بجائے شیخ رشید کے ضامن کو گرفتار کرلیا، ضامن کو چھ گھنٹے حراست میں رکھا، دھمکیاں دیں کہ شیخ رشید کی ضمانت کیوں دی۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے، ایس ایچ او کی تنخواہ بند کی جائے اور بھاری جرمانہ عائد کیا جائے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہاکہ آج ہی ایس ایچ او شفقت فیض کو طلب کرکے وضاحت مانگی جائےگی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیخ رشید کی گاڑیوں کی درخواست سپرداری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ہی روز میں پاﺅنڈ 7 روپے مہنگا، دیگر کرنسیوں کی قیمت کتنی بڑھی ؟ پریشان کن خبر آگئی

مزیدخبریں