طوفانی ہواؤں کے بعد بارش، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم،عائمہ خان)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم خیبر پختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ شام/رات میں بالائی پنجاب، زیریں بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 جولائی آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی،جو بارشوں کا سبب بنیں گی۔
11 سے15 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان جبکہ 12 سے 14جولائی کے دوران بلوچستان کے بعض مقامات بر بادل برس سکتے ہیں جبکہ 12 اور 13 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دہشت گردی کو روکنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے، امریکا
واضح رہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی میں طوفانی ہواؤں کے بعد موسلاد ھار بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، شانگلہ اور گردنواح میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ہری پوری اور گردونواح میں بھی تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور میں بارش کا سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، پشاور اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور خان پور ہزارہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، مری، میرپور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے لیکن دن میں بعض مقامات پر بوندا باندی جبکہ رات کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کاامکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گاتاہم شام/رات میں مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خفیہ ایجنسیوں کو فون ٹیپ کرنے کی اجازت،پھندہ تیار،سیاسی حلقوں میں تھرتھلی مچ گئی
دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند،باجوڑ،کرم، میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام/رات میں صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو،کرک، لکی مروت، ٹانک، وزیرستان، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گاتاہم شام/رات میں خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور ،تھرپارکر، عمر کوٹ اور میرپور خاص سانگھڑاور گردونواح میں چند مقا مات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے، تیز بارشوں کا سلسلہ آئندہ پیر کے روز تک جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 15 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 8افرادہلاک، لاکھوں بے گھر
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، درجہ حرارت 33 ڈگری، زیادہ سے زیادہ 39 تک جانے کا امکان ہےجبکہ آئندہ 3 سے 4 روز تک بارش رہنے کا امکان ہے۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضائی آلودگی کی شرح 64 کیساتھ لاہور دنیاکے 34 نمبر پر آگیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے،منگل کو کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،بارش کے باعث منگل کو کراچی میں کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
بارش سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کا دورہ کیا اور کہا کہ کراچی کی صورتحال بہتر ہے، نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام کر لیا گیا ہے۔