190 ملین پاؤنڈز کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمے میں پرویز خٹک کا بیان قلمبند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔
ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیر زبیدہ جلال آج عدالت میں پیش نہ ہوئیں، بشریٰ بی بی اور عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے وکلا عثمان ریاض گل اور چودھری ظہیر عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے امجد پرویز، سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان روسٹرم پر آگئے، پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان مسکراتے رہے،پرویز خٹک کے بیان کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔
بعد ازاں پرویز خٹک اپنا بیان 15 منٹ میں ریکارڈ کرو کر واپس چلے گئے، بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارایا پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔
اسی کے ساتھ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ 5 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کو طلب کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 31 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوگئے ہیں جبکہ 30 پر جرح مکمل کرلی گئی ہے۔