قہر کی گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں لوگوں کے بچے بے ہوش ہو رہے, سکول بند کئے جائیں، ترجمان ن لیگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں سکول بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب اینڈکمپنی اپنی چوری نااہلی اور نالائقی کا ظلم معصوم بچوں پہ کر رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے طلب سے زیادہ بجلی بنا کر عوام کو دی،بدترین لوڈ شیڈنگ عمران مافیا کی ناقص منصوبہ بندی ، بدانتظامی اور چوری کی وجہ سے ہے ۔قہر کی گرمی اور لوڈ شیڈنگ میں لوگوں کے بچے بے ہوش ہو رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ عمران مافیا پہلے چیز مہنگی کرتا ہے، پھر غائب کرتا ہے ،عمران مافیا نے چینی 52 سے 120روپے کلو کر دی لیکن پھر بھی عوام کو ملتی نہیں ہے عمران مافیا نے آٹا 35 سے 90 روپے کر دیا اور مارکیٹ سے غائب ہے۔ ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ بجلی مہنگی ترین اور لوڈ شیڈنگ تاریخ کی بدترین ہے، کیا عمران صاحب اور ان کے وزراءکے بچے 43 ڈگری میں بجلی کے بغیر والے سکول جا رہے ہیں؟عمران صاحب اور ان کے وزرا لوڈ شیڈنگ سے پاک ٹھنڈے کمروں میں اورعوام کے بچے آگ برساتے موسم میں بجلی کے بغیر والے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے پاکستان میں عوام آٹے ، روٹی ، چینی ، اور اب شدید گرمی میں بجلی سے بھی محروم ہیں، تین سال میں مافیا نے آٹا چینی دوائی مہنگائی اور چوری سے عوام کو لوٹا،حکومت 23 ہزار 116 میگاواٹ بجلی نظام میں موجود ہونے کا اعتراف کر چکی ہے پھر 22 ہزار 600 میگاواٹ ڈیمانڈ کیوں پوری نہیں ہو رہی؟ ۔کرپٹ اور نااہل پی ٹی آئی ٹیم نے بجلی کی قیمت 11 سے بڑھا کر 19 روپے فی یونٹ کردی ہے۔کرپٹ اور نااہل پی ٹی آئی ٹیم نے تین سال میں گردشی قرض 1150 سے بڑھا کر 2500 ارب کردیا ، پی ٹی آئی ٹیم نے ٹرانسمشن اور ڈسٹریبیوشن پروسائل اور کام کم کردیاجو مسلم لیگ (ن) کے دور میں جاری تھا۔ کرپٹ اور نااہل پی ٹی آئی ٹیم نے 44 ڈگری میں قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے دوچار کردیا ہے۔