ملکی معیشت بحال اور اقتصادی اعشاریئے بہتر ہورہے ہیں، شوکت ترین

Jun 10, 2021 | 17:16:PM

Read more!

(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور اقتصادی اعشاریئے بہتر ہورہے ہیں۔ 
وزیر اعظم عمران خان سے وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی اور پاکستان اکنامک سروے 2020-21 پیش کیا، اس موقع پر معاون خصوصی برائے محصولات وقار مسعود بھی موجود تھے۔ رواں مالی سال 2020-21 کی اقتصادی کارکردگی پر مشتمل اکنامک سروے جاری کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر وقار مسعود، عبدالرزاق داؤد اور ثانیہ نشترکے ہمراہ اکنامک سروے پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ رواں سال کا آغا کووڈ کے عروج کے ساتھ ہوا، لیکن حکومت نے دانشمندانہ پالیسی سے کووڈ 19 کے اثرات زائل کیے، حکومت نے دور اندیش فیصلے کئے۔ ملکی معیشت بحال ہونا شروع ہوگئی ہے، اور اقتصادی اعشاریئے بہتر ہورہے ہیں، سٹاک مارکیٹ ایشیا میں بہترین پرفارم کررہی ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور 26 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں، رواں مالی سال کے آخر میں 29 ارب ڈالرترسیلات زر کا تخمینہ ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا بہترین فیصلہ کیا، وزیراعظم نے خصوصی کوششیں کرکے آئی ایم ایف سے ریلیف لیا، کووڈ19 کی تیسری لہر بھی قابو میں آچکی ہے، کووڈ کے باعث دو کروڑ لوگ بے روز ہوئے لیکن اس وقت برسرروزگار افراد کی تعداد 5 کروڑ 30 لاکھ تک ہوگئی ہے، صرف دو سے اڑھائی ملین لوگ رہ گئے جو کووڈ سے بے روزگار ہیں۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ گندم، چاول اور گنا کی پیداوار میں اضافہ ہوا، چینی کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 58 فیصد بڑھی اور پاکستان میں 20 فیصد قیمت میں اضافہ ہوا، پام آئل، سویا بین، گندم، چائے سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ میں اضافہ ہوا، قیمتیں ابھی بھی زیادہ ہیں اور عام آدمی کو متاثر کررہی ہیں، ہمیں اپنی فوڈ پیداوار کو بڑھانا ہوگا اور زراعت پر حکومت توجہ دے گی، سٹوریج اور کولڈ ہاؤسز بنا کر آڑھتیوں کی اجارہ داری کو ختم کریں گے۔ آئی ایم ایف کا بجلی کی قیمتیں بڑھانے کیلئے دباؤ تھا، وزیراعظم نے آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد کرکے بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے انکار کردیا۔
وفاقی نے کہا کہ چین اپنی انڈسٹری آؤٹ سورس کرنے جارہا ہے ہم اس میں اپنا حصہ بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں، چین دوسرے ملکوں کی بجائے پاکستان میں اپنی انڈسٹری منتقل کرے، آئی ٹی کی برآمدات کو 45 سے 100 فیصد اضافہ پر لیکر جائیں گے، ہم نے برآمدات، پیداوار اور ترسیلات زر کو بڑھانا ہے، آئی ٹی چالیس فیصد سے گروتھ کر رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں آئی ٹی سو فیصد پر گروتھ کرے، آئی ٹی کیلئے آئندہ بجٹ میں مراعات ہیں، سی پیک منصوبہ کے فوائد عوام کو روزگار کے طور پر ملیں گے، ہمارے بینکوں کو چھوٹے طبقے کو قرض دینے نہیں آتے، 60 لاکھ غریب گھرانے بجٹ میں ترجیح پر ہیں۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 1 ارب ڈالر تک آگئے ہیں، سٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایمازون نے ہمیں سیلر لسٹ میں ڈال دیا ہے، ایف بی آر محصولات میں ماہانہ بنیادوں پر 50 سے 60 فیصد اضافہ ہوا، ایف بی آر محصولات کا نئے مالی سال میں 5800 ارب روپے کا ٹیکس ہدف رکھا ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ گروتھ 9 اور زرعی ترقی 2.77 فیصد رہی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہم کئی اشیا درآمد کرتے ہیں درآمدی اشیا کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی قابو کرنے کے لئے انتظامی سٹرکچر بنانا ہوگا، قرضوں کے حوالے سے بڑی باتیں کی جاتی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کیلئے اور پالیسی ریٹ کی وجہ سے قرضوں میں اضافہ ہوا، 38 ہزار ارب روپے کل قرض ہے اور گزشتہ سال سے اب تک 1 ہزار 700 ارب قرضہ بڑھا، 2019-20 میں 3.7 ٹریلین روپے قرضہ میں اضافہ ہوا، مقامی قرضہ 25 ہزار ارب اور غیر ملکی قرضہ 12 سے 13 ہزار ارب ہے، فیٹف کے اگلے سیشن میں پاکستان کو ریلیف ملنے کا امکان ہے، میں یہ نہیں کہتا کہ گرے سے وائٹ لسٹ میں آجائیں گے، لیکن بہت کچھ بہتر ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کا سیکٹر بلیک ہول ہے، حکومتی ملکیتی ادارے خسارے میں ہیں، ڈسکوز، پی آئی اے، ریلوے خسارے میں ہیں، جو سرکاری ادارے خسارے میں ہوں گے ان کی نجکاری کی جائے گی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہورہا ہے، سرمایہ پاکستان بورڈ کے تحت 15 اداروں کی پہلے مرحلے میں نجکاری کی جائے گی، نوازشریف سمیت سب نے نجکاری کا نعرہ لگایا، جب لوگ وزیر بنتے ہیں تو سرکاری کمپنیوں کو فروخت کرنے سے ہچکچاتے ہیں، میں نجکاری کے معاملے پر کابینہ میں بہت دباﺅ برداشت کرتا ہوں، اس وقت ملک میں 85 سرکاری ادارے اور کمپنیاں خسارے میں ہیں، فوری طور پر 15 اداروں کی نجکاری کرنا ہوگی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ گردشی قرضہ کی دو وجوہات ہیں، کیپسٹی ادائیگیوں کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، 2023 میں کیپسٹی ادائیگیوں کا حجم 1500 ارب تک پہنچ جائے گا، یہ ادائیگیاں ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات بھی زیادہ ہیں، ریکوری میں کچھ بہتری آئی ہے ڈسکوز کی نجکاری کریں گے، جان بوجھ کر ٹیکس نہ دینے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، ایف بی آر اب کسی کو ہراساں نہیں کرے گا، ٹیکس دہندگان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا، تھرڈ پارٹی آڈٹ کے ذریعے ہراساں کرنے کا عمل ختم ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار اور اسد قیصر کی ملاقات،ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے

مزیدخبریں