پنجاب حکومت : ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ

Jun 10, 2021 | 23:15:PM

(24 نیوز)حکومت پنجاب نے کوروناکے تدارک اور ویکسی نیشن عمل تیزکرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کر لئے ،ویکسی نیشن نہ کروانے والے افرادکاموبائل سم کارڈ بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیاگیا۔اس کے علاوہ 12جون سے پنجاب بھرمیں 18سال عمرسے زائد افرادکی واک اِن ویکسی نیشن کا فیصلہ کرلیاگیا۔
پنجاب کے اہم مزارات کے باہرموبائل ویکسی نیشن کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا،20فیصدآبادی کی ویکسی نیشن کروانے والے تمام اضلاع میں مکمل کاروبار کھول دئیے جائینگے۔محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر عوام کی سہولت کی خاطرنوٹیفیکیشن بھی جاری کرے گا۔
تمام اہم فیصلے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ کے دربارہال میں کوروناکی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس کے دوران کئے گئے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ڈی جی پی آر،محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلیٰ سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کوروناکے پھیلاؤ کوروکنے،ویکسی نیشن سنٹرزکی تعدادکوبڑھانے،سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات میں اضافہ ودیگراقدامات کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹریز صحت سارہ اسلم اور برسٹرنبیل اعوان نے وزیر صحت اور چیف سیکرٹری کوصوبہ بھرمیں کوروناکے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں کوروناکے کیسزاور اموات میں واضح کمی پر سیکرٹریز صحت کو سراہاگیا۔
وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھرمیں کوروناکے تشویشناک مریضوں ں کی تعدادمیں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی قیادت میں حکومت کوروناکے تدارک کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔
وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب میں کوروناکے مثبت کیسزمیں واضح کمی کا کریڈٹ انتظامیہ کوجاتاہے۔پنجاب کے677ویکسی نیشن سنٹرزکے ذریعے زیادہ سے زیادہ افرادکی ویکسی نیشن کو یقینی بنارہے ہیں۔ہفتہ سے18سال عمرسے زائد افراد کی واک اِن ویکسی نیشن کا آغازکیاجارہاہے۔اب عوام ویکسی نیشن سنٹرزپر بغیر پن کوڈ صرف شناختی کارڈ کے ساتھ آکرویکسین لگواسکیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عوام ویکسی نیشن سے متعلق کسی قسم کی رائے دینے یاشکایت کرنے کیلئے مفت ہیلپ لائن نمبر1033پررابطہ کرسکتے ہیں۔تمام اضلاع ویکسی نشین کا ہدف جلدمکمل کریں۔ویکسی نیشن کروانے والے افرادکی سینماہالز،ریسٹورنٹس اور شادیوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔کینسراور ایڈزجیسی مہلک بیماری میں مبتلا افرادکو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جائیگی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ ویکسی نیشن سنٹرزپر عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔20فیصدآبادی کی ویکسی نیشن والے اضلاع میں ماسک کی پابندی کے ساتھ کاروبار مکمل کھول دئیے جائینگے۔پنجاب میں ویکسی نیشن کے عمل کوبھرپورکامیاب بنایاجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز،مریم نظام سے باہر۔۔ مستقبل شہباز شریف کا ہے ۔۔اسد عمر

مزیدخبریں