(24 نیوز) مقصود چپڑاسی کی میت پاکستان لائی جائے گی۔ قومی ایئر لائن میں میت لے جانے کی بکنگ کرادی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں انتقال کر جانے والے پاکستانی ملک مقصود کی میت کل (11 جون کو) پاکستان بھیجی جائے گی۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئر لائن میں میت لے جانے کی بکنگ کرا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق میت کے ساتھ ملک مقصود کے کزن ملک عثمان کی بھی روانگی کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلی حمزہ شہباز کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم لاہور ہائیکورٹ میں چلینج
خیال رہے گزشتہ روز وزیراعظم کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم مقصود احمد کے دبئی میں انتقال کی خبر سامنے آئی۔ مقصود احمد کے خاندانی ذرائع کا بتانا ہے کہ مقصود ان دنوں بیرون ملک تھے اور انہیں کافی روز سے دل میں تکلیف کی شکایت تھی۔
دبئی پولیس کی جانب سے مقصود احمد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا جس میں بتایا گیا کہ مقصود احمد کا انتقال دل کی تکلیف باعث 7 جون کو ہوا۔
یاد رہے کہ مقصود احمد کا نام وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں استعمال ہوتا رہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے دور میں مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ذاتی ملازم مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کیے۔