(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، ہر ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کے ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے حقدار ہر افسر اور ملازم کو اس کا حق ملنا چاہیئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کے پنشن کیسز اور انکوائریز کو جلد نمٹایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے تمام تر ٹاسک تندہی سے سرانجام دیے جائیں
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹریز کو عوام سے رابطے کیلئے ایک روز مختص کرنے کی ہدایت کی- انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر اور دیگر محکموں میں ریسرچ کی خاطر بیرون ملک جانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کرنے کا جائزہ لیں گے-
یہ بھی پڑھیے: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، سمر گیمز سے متعلق اہم فیصلے
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین افسروں اور ملازمین کیلئے اضلاع میں رہائش گاہوں کی تعمیر کے پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں اور خواتین سرکاری ملازمین کے بچوں کیلئے ڈے کیئر سنٹرقائم کیے جائیں جبکہ سول سیکرٹریٹ ملازمین کیلئے ویلفیئر فنڈ قائم کیا جا رہا ہے-
اس موقع پر سیکرٹریز نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں- چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے عمل میں شفافیت نگران حکومت کا طرہ امتیاز ہے- چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے-